وارانسی،15/جون (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) کاشی ہندو یونیورسٹی میں ہفتہ کو ایک تیز رفتار گاڑی نے دوطالب علموں کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں دونوں طالب علم زخمی ہو گئے۔زخمی طالب علموں کو علاج کے لئے بی ایچ یو کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک طالب علم کی حالت بے حد نازک بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی طالب علم مشتعل ہو گئے۔ انہوں نے بی ایچ یو احاطے میں کھڑی دو گاڑیوں میں آگ لگا دی۔اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے طالب علموں کو بھگایا۔ وہیں پولیس پر طلبا نے پتھراؤ کر دیا۔ موقع پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دیا گیا ہے۔ آتش زنی اور پتھراؤ کے بعد احاطے میں افرا تفری کا ماحول ہے۔ فی الحال ایک بار پھر کیمپس میں فورس تعینات ہے۔ ذرائع کے مطابق فرچیونر گاڑی کسی بی جے پی لیڈر کی بتائی جا رہی ہیں۔ سی او انل کمار نے بتایا دونوں طالب علم راکیش اور انجو لتا ویجوال آرٹ کے طالب علم ہیں۔ معاملہ کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے کئی تھانوں کی فورس کو موقع پر بلا لیا گیا ہے، تاہم پوزیشن کنٹرول میں ہے۔ وہیں طالب علم راکیش نے بتایا کہ کار کی رفتار بہت تیز تھی، ڈرائیور واقعہ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا،لیکن طلبا نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔